سگریٹ نوشی چھوڑنے میں مدد کرنے کا ایک آسان طریقہ دریافت
- 02, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : کیا آپ سگریٹ نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں لیکن یہ مشکل ہے؟اگر ہاں، تو اچھی خبر یہ ہے کہ طبی ماہرین نے سگریٹ نوشی چھوڑنے میں مدد دینے کا ایک آسان طریقہ دریافت کر لیا ہے۔ اسمارٹ واچز لوگوں کو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد کر سکتی ہیں۔ یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ برسٹل یونیورسٹی میں تحقیق کے دوران ماہرین نے ایک ایسا موشن سینسر سافٹ ویئر تیار کیا جو سگریٹ پکڑنے پر ہاتھوں کی حرکات کی نشاندہی کرتا ہے۔
جب یہ سافٹ ویئر سگریٹ کی شناخت کرتا ہے تو اسمارٹ واچ اسکرین پر ایک الرٹ چمکاتا ہے۔ ڈیوائس پر ایک ایپ وائبریشن کے ساتھ ایک ٹیکسٹ میسج بھیجتی ہے جو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ محققین کا خیال ہے کہ یہ ایپ بروقت مداخلت کرکے سگریٹ نوشی کی عادت سے چھٹکارا پانے میں مدد دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی شخص اس لت کو چھوڑنے کی کوشش کر رہا ہو اور کمزور لمحے میں اس کے لیے اپنے ارادے پر قائم رہنا مشکل ہو جائے تو یہ مداخلت ان لمحات میں اس کا عزم مضبوط کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سمارٹ واچز کو پسند کرتے ہیں اور وہ پیغامات کا آئیڈیا بھی پسند کریں گے۔
اس تحقیق میں 18 سے 70 سال کی عمر کے 18 افراد شامل تھے جو تمباکو نوشی چھوڑنا چاہتے تھے۔ انہیں ایک سمارٹ واچ دی گئی جس میں محققین کی تیار کردہ ایپ موجود تھی۔ یہ سمارٹ واچ 2 ہفتوں تک ان کی کلائی پر رہی اور ان سے 27 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ پُر کرنے کو بھی کہا گیا۔ 66 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ موشن سینسر والی سمارٹ واچ پہننے کے لیے تیار ہیں، جبکہ 61 فیصد نے پیغام کے مواد کو متعلقہ پایا۔
لوگوں نے ایپ کے بارے میں مثبت رائے دی اور اس سے انہیں سگریٹ نوشی چھوڑنے میں بھی مدد ملی۔ تاہم کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ بار بار پیغامات کی وجہ سے پروگرام کی تاثیر ختم ہو گئی۔ اب، محققین طویل مدتی بنیادوں پر سافٹ ویئر کی جانچ کریں گے اور مختلف قسم کے پیغامات استعمال کریں گے۔ اس تحقیق کے نتائج جریدے JMIR Formative Research میں شائع ہوئے۔
تبصرے