کرم امن معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ایکشن پلان کی تیاری شروع، شہری پر امید
- 03, جنوری , 2025

نیوز ٹوڈے : کرم امن معاہدے پر عملدرآمد شروع کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے اور شہری بھی معاہدے کے حوالے سے پر امید ہیں۔ذرائع کے مطابق آج تمام اعلیٰ افسران کا اجلاس ہورہا ہے، جس میں سڑکیں کھولنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے، مسافروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ضلع کرم میں امن معاہدے کے بعد پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت کاروباری مراکز اور دیگر سڑکیں تاحال بند ہیں جب کہ سڑکوں کی بندش کے خلاف چار مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے بعد اب دھرنوں کا کوئی جواز نہیں رہا، قافلہ ہفتہ کو تمام حفاظتی انتظامات کے ساتھ پاراچنار روانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کرم کی صورتحال پر گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور بڑے ہتھیار حکومت کے حوالے کیے جائیں گے۔
معاہدے کے تحت فریقین کی جانب سے بنائے گئے محاذوں کو ختم کیا جائے گا اور قبائلی تنازعات کو مذہبی رنگ نہیں دیا جائے گا۔

تبصرے