ہندوستانی کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ سے باہر

روہت شرما

نیوز ٹوڈے :    روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ سڈنی میں کھیلا جا رہا ہے جہاں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔بھارت نے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، حیران کن طور پر روہت شرما کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ بمراہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

بمراہ نے روہت شرما کی غیر موجودگی میں پہلے ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی تھی اور میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔سڈنی ٹیسٹ میں روہت شرما کی جگہ شبمن گل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آکاش دیپ کی جگہ پرساد کرشنا کو متعارف کرایا گیا ہے۔

جسپریت بمراہ نے ٹاس پر کہا کہ روہت شرما نے خود سڈنی ٹیسٹ میں آرام کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ میلبورن ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ وہ پوری سیریز میں آؤٹ آف فارم نظر آئے۔

آسٹریلیا کے خلاف میلبورن ٹیسٹ میں شرمناک شکست کے بعد بھارتی ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں تھا اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے سخت ناراض تھے۔

بھارتی میڈیا نے خبر دی تھی کہ آسٹریلیا سے شکست کے بعد بھارتی ڈریسنگ روم کا ماحول مثالی نہیں تھا، سلیکٹرز، کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف ایک پیج پر نہیں تھے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کسی کا نام لیے بغیر کھلاڑیوں سے کہا کہ بہت ہوگیا، کھلاڑی قدرتی کھیل کے نام پر اپنا کام کر رہے ہیں اور دیے گئے پلان پر عمل نہیں کر رہے۔

ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی حکمت عملی کے مطابق نہ کھیلے تو اسے شکریہ کہا جائے گا۔سڈنی ٹیسٹ سے قبل جمعرات کو روہت شرما پریس کانفرنس میں نہیں آئے، ان کی جگہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے شرکت کی، جس کے بعد میڈیا میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ کوچ اور روہت کے درمیان جھگڑا ہوا ہے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کو 5 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔
 

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+