ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: آسٹریلوی فاسٹ باؤلرز نے اہم اعزاز جیت لیا
- 06, جنوری , 2025

نیوز ٹوڈے : آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اہم اعزاز حاصل کر لیا۔اتوار کو آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں بھارت کو شکست دے کر 5 میچوں کی بارڈر-گاوسکر ٹرافی 1-3 سے جیت لی۔آسٹریلیا نے بھی سڈنی ٹیسٹ میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھارت کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں بھی اہم اعزاز حاصل کیا۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 200 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے ہیں۔اتوار کو سڈنی ٹیسٹ میں ہندوستان کی دوسری اننگز میں بولنگ کرتے ہوئے کمنز نے واشنگٹن سندر کو آؤٹ کرتے ہوئے اننگز کی تیسری وکٹ کے ساتھ یہ کارنامہ انجام دیا۔
پیٹ کمنز نے 2019 سے شروع ہونے والی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 47 میچوں میں 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا ہے۔اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون ہیں جنہوں نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 48 میچوں میں 196 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان 2019 میں کیا گیا تھا اور 2021 میں پہلے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی جب کہ 2023 میں ہونے والے فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا تھا۔
تاہم اب جنوبی افریقہ نے بھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، اس بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جون میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا۔

تبصرے