پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان
- 14, جنوری , 2025
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کے لیے تیار ہوجائیں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بے قابو ہوگئیں، برطانوی خام تیل کی قیمت 80 ڈالر سے تجاوز کرگئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 3 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کے معاہدے 3.50 ڈالر یا 4.6 فیصد بڑھ کر 80.42 ڈالر فی بیرل ہو گئے، جو 7 اکتوبر کے بعد پہلی بار 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کے معاہدے 3.57 ڈالر یا 4.8 فیصد بڑھ کر 77.49 ڈالر ہو گئے۔ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تین ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ معاشی بے یقینی کے بجائے سپلائی میں خلل کے خدشات کو قرار دیا گیا ہے۔
اس تمام صورتحال میں اوگرا نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی نظرثانی شدہ قیمتوں کی تجویز دی ہے جسے وزیراعظم اور فنانس ڈویژن حتمی شکل دیں گے۔ سمری کی منظوری کے بعد نئے نرخوں کا اطلاق رواں ماہ 16 جنوری سے ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ جنوری 2025 کی دوسری ششماہی میں پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 سے 5 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ یکم جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں 0.56 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ جس کے بعد اس کی قیمت 252.66 روپے فی لیٹر ہو گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.96 روپے کا اضافہ کیا گیا جو کہ اب 258.34 فی لیٹر ہو گیا ہے۔
تبصرے