ٹھوس نتائج دینے میں ناکام: بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی کرسی خطرے میں
- 15, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : بھارتی کرکٹ ٹیم کی مسلسل شکستوں کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی کرسی خطرے میں پڑ گئی ہے۔گوتم گمبھیر نے گزشتہ سال جولائی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کمان سنبھالی تھی اور اس کے بعد ہندوستانی ٹیم سری لنکا میں 10 میں سے 6 ٹیسٹ اور ایک ون ڈے سیریز ہار چکی ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں حیران کن وائٹ واش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 1-3 سے شکست کے بعد جہاں ویرات کوہلی اور روہت شرما کا بین الاقوامی کیریئر شکوک و شبہات کا شکار ہے وہیں ہیڈ کوچ گمبھیر کی پوزیشن بھی کچھ غیر مستحکم ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کی جانب سے اچھی کارکردگی نہ دکھانے کی صورت میں ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی بطور کوچ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گوتم گمبھیر کے ساتھ بی سی سی آئی کا معاہدہ 2027 ورلڈ کپ تک ہے تاہم ان کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
بی سی سی آئی کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ گمبھیر نے ابھی تک کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں دیا۔ اگر ہندوستان چیمپئنز ٹرافی میں اچھا نہیں کھیلتا تو ہیڈ کوچ کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گمبھیر کئی سالوں سے رائج سپر اسٹار کلچر کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وہ سپر اسٹار کلچر کو ختم کرنے کے لیے بھارتی ٹیم میں بھی آئے ہیں اور یہ بات کچھ کھلاڑیوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ گمبھیر اور سینئر کھلاڑی ٹیم کلچر کے معاملے پر ایک پیج پر نہیں ہیں۔ دوسری جانب روزنامہ جاگرن کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی حکام، کپتان روہت شرما، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت آگرکر کے درمیان ہونے والی جائزہ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی بیویاں ان کے ساتھ نہیں ہوں گی۔ بین الاقوامی دوروں پر ان کے ساتھ مکمل طور پر جانے کی اجازت ہے۔
رپورٹس کے مطابق 45 دن سے زائد جاری رہنے والے ٹورنامنٹ یا سیریز کے لیے اہلیہ صرف 14 دن تک کھلاڑی کے ساتھ رہ سکتی ہیں تاہم مختصر دوروں کے لیے قیام کی حد صرف 7 دن رہ جائے گی۔رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام ہندوستانی کھلاڑیوں کو ٹیم بس میں سفر کرنا ہوگا۔ گزشتہ چند سالوں میں کئی کھلاڑیوں نے اکیلے سفر کرنے کو ترجیح دی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔
تبصرے