پاکستان میں لاکھوں تولہ سونے کے ذخائر دریافت
- 15, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : صوبائی وزیر معدنیات شیر علی گوچرانی نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں سونے کے ذخائر ملے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ایک بیان میں کہا کہ سروے میں اٹک کے مقام پر سونے کے ذخائر کی تصدیق ہوئی ہے اور ایک اندازے کے مطابق تقریباً 28 لاکھ تولہ سونے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
وزیر معدنیات نے کہا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان نے دریائے کابل اور دریائے سندھ کے سنگم پر ذخائر کی رپورٹ دی ہے۔ جیولوجیکل سروے کے بعد نیسپاک نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونے کے ذخائر کے بارے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو کل بریفنگ دی جائے گی اور نیلامی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی گئی ہے جس کی منظوری کابینہ دے گی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں سونا نکالنے کے لیے مرکری کے استعمال سے پانی زہر آلود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سونے کی کان کنی میں پارے کے استعمال کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سونا نکالنے کے لیے پارے کو جلایا جاتا ہے لیکن کوہاٹ میں پارے کے استعمال سے پانی زہریلا ہو رہا ہے۔
درخواست گزار کا موقف تھا کہ دنیا بھر میں مرکری کے استعمال پر پابندی ہے لہٰذا عدالت یہاں بھی سونے کی کان کنی کے دوران پارے کے استعمال پر پابندی عائد کرے۔ کیس کی سماعت کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے کان کنی میں مرکری کے استعمال پر پابندی کا حکم دیتے ہوئے محکمہ معدنیات کے حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار پر مشتمل بنچ نے کی۔
تبصرے