ضلع کرم میں آنے والی اشیائے خوردونوش مہنگے داموں فروخت ہونے کا انکشاف

سبزیاں مہنگے داموں فروخت

نیوز ٹوڈے :   کرم آنے والی سبزیاں مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں، ضلع کرم میں آنے والی اشیائے خوردونوش مہنگے داموں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پاراچنار میں ٹماٹر 700 روپے فی کلو، گوبھی، شکرقندی اور پیاز 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہری مرچ 800 روپے فی کلو، چینی 200 روپے فی کلو، چائے 2200 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم 500 ٹرکوں کا قافلہ اپر کرم روانہ کیا جائے۔

سماجی رہنما نے مطالبہ کیا کہ ایک ہفتے کے انتظار کے بعد صرف 25 ٹرک سامان لایا گیا، اس سے عوامی ضروریات پوری نہیں ہوسکتی، ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور مریضوں کو شفٹ کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس دوبارہ شروع کی جائے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سڑکیں کھولنے اور قافلے چلانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ کل 25 ٹرک سامان لایا گیا، مزید ٹرک جلد بھیجے جائیں گے۔ لوئر کرم مندوری دھرنے کے باعث تل پاراچنار روڈ آج بھی بند ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مندوری مظاہرین سے تال کینٹ یا کوہاٹ میں مذاکرات کیے جانے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ ضلع کرم میں تین ماہ سے سڑکوں کی بندش کے باعث عوامی مشکلات برقرار ہیں۔ لاکھوں افراد روزمرہ کی ضروریات، ادویات، خوراک، پیٹرول، گیس اور ادویات کی قلت سے پریشان ہیں۔

کرم میں ادویات کی قلت کے باعث میڈیکل سٹور اور نجی ہسپتال بند ہیں، تاجروں نے بھی ہڑتال کر دی ہے، جب کہ لوئر کرم کے علاقے مندوری میں جاری دھرنے کے باعث تل پاراچنار مرکزی شاہراہ بھی بند ہے۔

 

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+