جنگ بندی کے معاہدے کے بعد غزہ میں امداد کی ترسیل شروع ہو گئی
- 16, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد غزہ میں امداد کی ترسیل شروع ہو گئی ہے۔بدھ کو وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے قطری دارالحکومت دوحہ میں غزہ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی کوششیں کامیاب رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی 19 جنوری سے نافذ العمل ہو گی اور حماس اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے مراحل پر عمل درآمد کے لیے کام جاری ہے۔قطری وزیراعظم نے کہا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہوگی۔ معاہدے کے پہلے مرحلے میں بے گھر افراد کی ان کے گھروں کو واپسی بھی شامل ہے۔
جنگ بندی کے معاہدے کے بعد غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل شروع ہوئی، سینکڑوں امدادی ٹرک صلاح الدین اسٹریٹ کے راستے جنوبی غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے۔ادھر یمن کے حوثی باغیوں نے بھی اسرائیل کے خلاف حملے روکنے کا اعلان کیا ہے۔حوثی ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کا احترام کریں گے اور غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے بعد اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے بند کر دیں گے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ جنگ کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے سے امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو جائیں گی اور معاہدے کے نتیجے میں قیدیوں اور یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 6 ہفتے کی جنگ بندی پر 3 مراحل میں عمل درآمد کیا جائے گا جس میں مرحلہ وار سویلین قیدیوں کا تبادلہ اور جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔
دوسرے مرحلے میں حماس اسرائیلی فورس کے قیدیوں کو رہا کرے گی اور اسرائیلی فوج غزہ کے عوامی مقامات سے پیچھے ہٹ جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں غزہ سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیر نو پر کام کیا جائے گا۔
تبصرے