پانچ ماہ جیل میں گزار کر آئی ہوں، روئی نہیں لیکن بچوں کی خوشی دیکھ کر آنسو آجاتے ہیں، مریم نواز
- 16, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں بغیر کسی قصور کے 5 ماہ جیل میں گزار کر آئی، لیکن میں جیل میں نہیں روئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے طلباء سے جو پیار ملا ہے میں بیان نہیں کر سکتی۔ میرے مخالفین کہتے ہیں کہ یہ سب اسٹیج ہے۔
مخالفین کو یہاں آنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ ایک ماں نے اپنے بچوں کے ساتھ کیسے رشتہ قائم کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں بغیر کسی قصور کے 5 ماہ جیل میں گزار کر آئی ہوں، میں جیل میں نہیں روئی لیکن جب بچوں کو وظیفے کی صورت میں ان کا حق ملتا ہے تو ان کی خوشی دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ 'اب پنجاب کے بچوں کے ساتھ ایسا نہیں ہوگا کہ ان کے خواب ادھورے رہیں، اس سال 30 ہزار سکالرشپ دیے گئے، یہ بہت کم تعداد ہے، اگلے سال اسے 50 ہزار تک لے جائیں گے۔' دوسری جانب لاہور میں آسان بزنس فنانس اور آسان بزنس کارڈز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ 30 ملین روپے تک کے قرضے بغیر سود کے فراہم کیے جائیں گے۔ قرض ملنے کے بعد بھی اگر کوئی مشکل پیش آئی تو ہم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی مدد کریں گے اور انہیں سہولیات فراہم کریں گے۔
تبصرے