حماس کی طرف سے رہائی پانے والی اسرائیلی خواتین کو دیے گئے تھیلوں میں کیا خاص بات تھی؟
- 20, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : غزہ میں 15 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت ختم ہو گئی ہے اور جنگ بندی کا آغاز ہو گیا ہے۔ حماس نے معاہدے کے تحت 3 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جب کہ 90 فلسطینی قیدیوں کو بھی اسرائیلی جیلوں سے رہا کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 3 اسرائیلی خواتین قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔ریڈ کراس کی ٹیم نے اسرائیلی خواتین کو غزہ میں اسرائیلی خصوصی فوجی یونٹ میں پہنچایا، جہاں سے انہیں اسرائیلی فوجی اسپتال لے جایا جائے گا۔
بعد ازاں حماس سے رہا ہونے والی خواتین یرغمالی اسرائیل پہنچ گئیں۔ان کی رہائی کے موقع پر حماس نے تینوں اسرائیلی خواتین کو سووینئر کے طور پر ایک بیگ دیا۔ حماس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی خواتین رہائی کے بعد جیسے ہی گاڑی میں بیٹھیں تو حماس کے اہلکاروں نے بظاہر انہیں بھورے کاغذ کا بیگ دیا۔اسرائیلی خواتین نے مسکراتے ہوئے خوشی خوشی یہ تحفہ وصول کیا۔
اطلاعات کے مطابق اس بیگ میں حماس نے اسرائیلی خواتین کو گریجویشن سرٹیفکیٹ، عربی زبان کا سرٹیفکیٹ، فلسطین کا نقشہ اور ان کی قید کے دوران کی تصاویر بطور تحفہ دی تھیں۔ واضح رہے کہ 6 ہفتے کی جنگ بندی پر 3 مراحل میں عمل درآمد کیا جائے گا جس میں مرحلہ وار سویلین قیدیوں کا تبادلہ اور جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔
دوسرے مرحلے میں حماس اسرائیلی افواج کے قیدیوں کو رہا کرے گی اور اسرائیلی فوج غزہ میں عوامی مقامات سے پیچھے ہٹ جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں غزہ سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلاء اور غزہ کی تعمیر نو پر کام کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق غزہ پر 15 ماہ سے جاری اسرائیلی جنگ میں ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 47 ہزار 899 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتہ ہیں۔
تبصرے