حکومت کا خسارے میں چلنے والے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ
- 20, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : حکومت نے خسارے میں چلنے والے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے آپریشنز کی تنظیم نو اور اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے لیے وفاقی حکومت نے خسارے میں چلنے والے یوٹیلیٹی سٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت عملے کی تعداد میں کمی کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ قومی ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے اور مالیاتی خسارہ کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کی تنظیم نو سے متعلق وزارت خزانہ کی رائے کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شامل کر کے پیش کیا جائے گا۔ تنظیم نو کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں بغیر کسی تاخیر کے نجکاری کو ممکن بنایا جائے گا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ وہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی نجکاری یا انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر چلانے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم جلد ہی رمضان المبارک میں عوام کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی این آر او کی بھیک مانگ رہی ہے لیکن پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی ڈیل یا نرمی نہیں کی جائے گی، عمران خان اور ان کی اہلیہ کو قانون کے مطابق سزا ہوئی ہے، پی ٹی آئی کے بانی اپنی کابینہ کو دھوکہ دیا اور تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن کی، مذاکرات جمہوریت کا حسن ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی ایوان میں بیٹھے لیکن کامیابی نظر نہیں آرہی کیونکہ عمران خان کے ذہن میں مثبت سیاست نہیں ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ کرم ایجنسی کا معاملہ تشویشناک ہے اسے حل کیا جانا چاہیے، کرم میں امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہے، جب کہ یورپ کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت پر دکھ ہے، انسانی سمگلنگ کے خلاف سخت قوانین بنا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسا المناک حادثہ نہ ہو۔
تبصرے