صدر اور وزیراعظم کا ٹرمپ کو امریکی صدر بننے پر مبارکباد

شہباز شریف ڈونلڈ ٹرمپ

نیوز ٹوڈے :   صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف زرداری نے نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا اپنی دیرپا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں عظیم ممالک برسوں سے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور ہم مستقبل میں بھی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار امریکی صدر بننے پر دیگر ممالک سے مبارکباد کے پیغامات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود ٹرمپ نے ہمت دکھائی اور جیت گئے۔پیوٹن نے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ یوکرین جنگ اور جوہری ہتھیاروں پر بات چیت کا عندیہ بھی دیا۔

ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ٹرمپ کی دوسری مدت پوری انسانیت کے لیے بھلائی لائے گی۔برطانیہ کے بادشاہ چارلس اور برطانوی وزیراعظم سر کیر اسٹارمر نے بھی ٹرمپ کو صدر بننے پر مبارکباد دی۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا اور امریکا اسی وقت مضبوط ہوں گے جب وہ مل کر کام کریں گے۔بھارتی وزیراعظم نے بھی ٹرمپ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور یوکرین کے صدر زیلنسکی، جرمن چانسلر اولاف شولز اور نیٹو اور یورپی یونین کے سربراہان نے بھی ٹرمپ کو مبارکباد دی۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+