ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز نے 20 سال بعد انسانی سمگلنگ روکنے کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی
- 22, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : 20 سال بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ہیڈ کوارٹر نے انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی۔ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر سے ملک بھر کے ڈپٹی ڈائریکٹرز امیگریشن کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ 15 ممالک، پاکستان کے 9 شہروں اور 2 ایئر لائنز کے مسافروں کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ایڈوائزری جولائی سے دسمبر تک آئی بی ایم ایس ڈیٹا بیس کا تجزیہ کرکے تیار کی گئی تھی۔پہلی بار ایڈوائزری میں 15 سے 40 سال کی عمر کے غیر ملکی مسافروں کی سخت نگرانی کا حکم دیا گیا ہے۔ایڈوائزری میں آذربائیجان، ایتھوپیا، سینیگال، کینیا، روس، سعودی عرب اور مصر جانے والے مسافروں کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق، ترکی، قطر، کویت، کرغزستان جانے والے مسافروں کو پروفائل کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 15 ممالک کو پاکستانی یورپ انسانی سمگلنگ کے لیے ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق 15 ممالک کے وزٹ، سیاحتی، مذہبی یا تعلیمی ویزوں پر آنے والے مسافروں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا اور منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور بھمبر کے مسافروں کی کڑی نگرانی کا حکم دیا گیا ہے۔ایڈوائزری میں جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور شیخوپورہ کے مسافروں کی پروفائل کے لیے بہتر اقدامات کا حکم دیا گیا۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ واپسی کے ٹکٹ، ہوٹل کی بکنگ سمیت تمام دستاویزات کی مکمل چھان بین کی جائے، وزٹ یا سیاحتی ویزوں پر خصوصی توجہ دی جائے، دستاویزات کی چھان بین کی جائے اور مشکوک مسافروں اور ان کے سفری مقصد اور مالی انتظامات کا انٹرویو کیا جائے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مشکوک مسافروں کا تفصیلی ریکارڈ رکھا جائے اور کسی بھی بے ضابطگی کی فوری اطلاع دی جائے۔
تبصرے