بھارتی بورڈ کا جرسی پر 'پاکستان' نہ لکھنے پر اصرار، آئی سی سی کا جواب آگیا، قوانین کیا کہتے ہیں؟
- 22, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم کی جرسی پر 'پاکستان' نہ لکھنے کی بھارتی بورڈ کی درخواست کا جواب دیا ہے۔ہندوستانی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی 'میزبان ملک ریگولیشن' کے حصے کے طور پر اپنی ٹیم کی کٹ پر پاکستان لکھنے کا خواہاں نہیں ہے۔
آئی سی سی نے مبینہ طور پر بی سی سی آئی سے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کٹ پر پاکستان لکھنے کی پابند ہے کیونکہ پاکستان ٹورنامنٹ کا میزبان ہے۔ آئی سی سی کے ایک آفیشل نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کا لوگو اپنی جرسی پر لگانا ہر ٹیم کی ذمہ داری ہے، تمام ٹیمیں اس اصول پر عمل کرنے کی پابند ہیں۔
ایپکس بورڈ نے مبینہ طور پر یہ بھی کہا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کی کٹ میں میزبان ملک پاکستان کے نام کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی کا لوگو نہیں ہے تو بھارتی ٹیم کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
آئی سی سی کے قوانین
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ٹیموں کی جرسیوں پر میزبان ملک کا نام لکھا جانا ضروری ہے، قطع نظر اس کے کہ میچز کہاں ہو رہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی ٹیم کی شرٹس پر پاکستان لکھنے کا خواہاں نہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر بھارتی بورڈ کی جانب سے ایسی کوئی اطلاع موصول ہونے کی تردید کی ہے۔
تبصرے