محسن نقوی کی قذافی سٹیڈیم میں کام کرنے والے کارکنوں کو سہ ملکی سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت

محسن نقوی

نیوز ٹوڈے :  پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پر کام کرنے والے کارکنوں کو 8 فروری کو سہ ملکی سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔چیئرمین پی سی بی نے آج قذافی سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے کارکنوں سے ملاقات کی اور انہیں ان کی دن رات کی محنت پر مبارکباد دی۔

کارکنوں کو 8 فروری کو سہ ملکی سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ خود ان کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھیں گے۔محسن نقوی نے نئی نشستوں پر بیٹھ کر سٹیڈیم کا منظر دیکھا اور تمام منزلوں، نئے ڈریسنگ رومز، ہاسپیٹلٹی بکس اور مختلف ایریاز کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نئے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح فروری کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جدید ترین بین الاقوامی سہولیات سے آراستہ سٹیڈیم تیار کیا گیا ہے جس سے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ شائقین بھی نئی سہولیات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پوری ٹیم نے دن رات محنت کی اور ناممکن کام کو ممکن بنایا۔ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کا فخر ہے اور ہم اپنے وطن کا فخر مزید بڑھائیں گے۔
 

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+