معدے کی صحت کو بہتر بنانے کے لئے 5اہم غذائیں

 

نیوزٹوڈے:معدے کی صحت کو بہتر بنانے میں غذائیں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ متوازن اور صحت مند غذا ہماری مجموعی صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔اگر آپ کا معدہ تندرست ہے تو  آپ ایک اچھی اور صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔

 

ہماری بہت سی نوجوان نسل  نے فاسٹ فوڈ کا رخ کرلیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف وہ  معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں  بلکہ اپنی مجموعی  صحت سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔

 

ہماری خوراک کا بہت زیادہ حصہ پروسیسڈ اور فاسٹ فوڈ پر منتقل ہوگیا ہے اور سبزیوں اور  پھلوں کا استعمال کم ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے ہماری معدے کی  حالت نازک ہو گئی ہے۔

 

لیکن آپ اپنے معدے کی صحت کو بہتر بنانے کے لئے ایسی غذاوں کا استعمال کر سکتے ہیں جو ہماری مجموعی صحت اور معدے کی صحت میں بہتری لاتی ہیں۔

 

معدے کی صحت کیوں ضروری ہے؟

 

آپ کی صحت مند آنتیں  صحت کی بنیاد ہیں ۔ آپ کے ہاضمے سے لے کر آپ کے مزاج کا تعلق  بھی آپ کی آنتوں سے ہے۔ہماری آنتوں کی صحت ، دماغ اور ہارمونز کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔یہ تعلق ہمارے میٹابولزم، قوت مدافعت اور ہارمونل   تبدیلیوں میں اہم کردارادا کرتا ہے۔

 

کیا آپ کو بھی معدے کے مسائل ہیں؟

 

ہم میں سے بہت سے افراد ایسے ہونگے جو معدے کے مسائل میں مبتلا  ہیں۔ معدے کے مسائل واضح ہوتے ہیں جیسے گیس ، اپھارہ یا قبض وغیرہ لیکن بعض اوقات کچھ علامات خاموشی سے بھی وار کرتی ہیں جیسے کسی چیز پر توجہ مرکوز کرنےمیں مشکل،موڈ میں تبدیلی اور جلد کے مسائل بھی ہوسکتے ہیں۔

 

لیکن کبھی آپ نے سوچا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ ان تمام وجوہات کی جڑ ناقص غذا کا استعمال بھی ہوسکتاہے۔

 

صحت مند غذا ہماری آنتوں کی صحت کی بہتری میں بہت معاون ہے۔اس لئے ایسی غذا کا استعمال کریں جو آپ کی مجموعی صحت کے ساتھ ساتھ آپ کے معدے کی صحت کو بھی بہتر بنا سکے۔

 

چند اہم غذائیں

 

ہم جن غذاوں کی وجہ سے اپنی معدے کی صحت کو بہتر بناسکتے ہیں وہ مندرجہ ذیل ہیں:

 

دہی

 

آنتوں  کی صحت اور مجموعی صحت میں دہی کا بہت اہم کردار ہے۔ دہی میں لیکٹک ایسڈ پایا جاتا ہے اس میں ایسے بیکٹریا موجود ہوتے ہیں جنہیں پرو بائیوٹکس کہا جا تا ہے یہ اچھے اور صحت مند بیکٹریا ہیں جو ہمارے ہاضمے کو بہتر بنانے کے لئے مفید ہیں۔

 

آنتوں کی صحت کو بہترین بنانے کے لئے ضروری ہے کہ آپ دہی کا استعمال لازمی کریں  اگر آپ ناشتے میں دہی کا استعمال کرتے ہیں تو آپ اپنی آنتوں کی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

 

سیب

 

کہاوت مشہور ہے کہ  روزانہ صبح ایک سیب اور دودھ کا استعمال آپ کو ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ ڈاکٹر سے دور رہیں تو آپ روزانہ سیب کا استعمال کریں۔ سیب کے اندر فا ئبر کافی اچھی مقدار میں پایا جاتا ہے جو آپ کی صحت کو بہتر بنانے اور آنتوں کی صحت کی بہتری میں مدد کرتا ہے۔

 

پتوں والی سبزیاں

 

 پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، بند گوبھی فائبر کے بہترین ذرائع کے ساتھ ساتھ ان میں فولیٹ، وٹامن سی، وٹامن کے اور وٹامن اے جیسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ  پتوں والی سبزیوں میں ایسی چینی موجود ہوتی ہے جو صحت مند آنتوں کی نشوونما کے لئے معاون ہیں۔

 

پپیتا

 

پپیتے کے اندر قدرتی  طور پر  ہاضمہ انہظام پایا جاتا ہے جیسے پاپین کہتے ہیں۔یہ آپ کے کھانے کو توڑنے میں مدد کرتے ہیں تاکہ آپ اس کھانے کے غذائی اجزا کو صحیح طریقے سے جذب کر سکیں اور ہضم کر سکیں۔ یہ اپھارہ اور گیس جیسے مسائل کو دور کرنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔

 

ادرک

 

ہم ادرک کو معدے کے مسائل میں قدرتی علاج کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ادرک کی چائے آپ کے معدے کے لئے مفید ہو سکتی ہے۔ بھارت میں ادرک کی چائے کو بہت شوق سے پیا جاتا ہے۔ یہ متلی کو دور کرنے میں  مددگارثابت ہوتا ہے۔

 

پرہیز

 

جیسے میں نے مندرجہ بالا ان غذاوں کا ذکر کیا جو معدے کی صحت کے لئے مفید ہیں اسی طرح وہ غذائیں بھی  ہیں جو معدے کے لئے نقصان کا باعث بنتی ہیں۔ اس لئے ہمیں فاسٹ فوڈ کا استعمال ترک کرنا چاہیے تاکہ ہم صحت کے تمام مسائل سے بچ سکیں۔

 

بہت زیادہ  کافی، چائے اور چاکلیٹ کے استعمال سے آپ کے جسم میں کیفین کی مقدار بڑھ جاتی ہے اس لئے ان چیزوں  کا استعمال کم کریں۔

 

تلی ہو ئی چیزوں کا استعمال کم سے کم کریں، اس کے علاوہ سوڈا اور کولڈ ڈرنکس کا استعمال بھی ترک کریں۔

 

آپ صحت مند عادات کو اپنا کر اپنی مجموعی صحت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔

 

صحت سے متعلق  بلاگز کو پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔

user
عائشہ ظفر

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+