مسافروں سمیت گوادر سے کراچی جانے والا طیارہ ممکنہ حادثے سے بال بال بچ گیا

نیوز ٹوڈے:بلوچستان کے شہر گوادر سے 60 مسافروں کو کراچی لانے والا طیارہ ممکنہ حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ کو اڑان کے وقت طیارے کا ایک ٹائر پھٹ جانے کی اطلاع بر وقت دے دی گئی تھی،جس کے بعد پائلٹ نے اپنی مہارت کے ذریعے بڑا حادثا پیش آنے سے خود سمیت ۶۰ لوگوں کو بچا لیا۔

نیوز ٹوڈے کی تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن کا طیارہ گوادر ائیرپورٹ سے اڑان بھر کر روانہ ہوا، ائیر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹ کو اڑان بھرتے ہی بتایا کہ رن وے پر پڑے ہوئے ربڑ کے ٹکڑوں کی اطلاعات ملی ہیں، جس پر پائلٹ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور کمانڈ کے مطابق مزید حکمت عملی اختیار کی۔

قومی ائیر لائن کے پائلٹ نے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل ائیر ٹریفک کنٹرولر کو آگاہ کیا کہ طیارے کے ٹائر پھٹ جانے کے باعث حادثہ ہوسکتا ہے جس پر ریسکیو عملے کو الرٹ کردیا گیا۔ بعد ازاں پائلٹ کو کنٹرولر کی جانب سے مناسب رہنمائی فراہم کی گئی اور پائلٹ نے بڑی ہی مہارت کے ساتھ اس مشکل وقت میں اپنے نفس پر قابو رکھ کر عوام کو سنگین حادثے سے بچایا۔

ائیر ٹریفک کنٹرولر کی رہنمائی کی مدد سے قومی ائیر لائن کا طیارہ بحفاظت لینڈنگ میں کامیاب رہا۔ تحقیق میں انجینئر کے معائنے کے دوران جہاز کا ایک ٹائر پھٹا ہوا جبکہ دوسرے کے ربڑ نکلے ہوئے پائے گئے جس سے حادثے کا خدشہ تھا، مگر مینجمنٹ اور پائلٹ کی عقل مندی اور بہادری کی بدولت تمام مسافر محفوظ رہے۔

ترجمان پی آئی اے کے بیان کے مطابق گوادر کے ائیر ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے اے ٹی آر طیارے کا ٹائر پھٹنے کی اطلاع فراہم کی گئی۔ اس حوالے سے خدشات یہ ہیں کہ رن وے پر موجود کسی چیز سے ٹائر کو نقصان پہنچا، جس پر مزید تفتیش جاری ہے، حکام کا کہنا تھا کہ مستقبل میں محتاط رہنے کے لیے ایسی حکمتِ عملی اختیار کرنی پڑے گی جس سے جانی نقصان کو بالکل ختم کیا جا سکے۔

user
ماریہ عاشق

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+