شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، ملکی سیاست اور لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر بریفنگ
- 10, مئی , 2022
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفا قی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں تمام وزراء شامل ہونگے ۔اجلاس میں حالیہ ملکی سیاست اور چیئر مین پی ٹی آئی کی جانب سے ریاستی اداروں کے خلاف بیانات کا جائزہ لیا جائے گا ۔
مسلم لیگ ن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کو سیاست میں گسیٹا جائے تو نتیجہ ملکی مفادات کے برعکس نکلتا ہے جو کہ ملک وقوم دونو ں کے لیے خطرے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں پی ٹی آئی کے رہنمائوں کی جانب سے کچھ بیانات ایسے آئے ہیں جو کہ ملکی مفادات کے خلاف ہیں اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شہباز شریف نے ایون میں بھی اس بات کا ذکر کیا ہے کہ عمران خان ایک منظم طریقے سے فوج کے خلاف اپنا مئوقف عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ مسلح افواج کے ادارے آئی ایس پی آر نے بھی ان بیانات کی مذمت کی اور فوج کو سیاست سے دور رکھنے کی تلقین کی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ان معاملات پر تفصیل سے غور کیا جائے گا اور آئندہ دنوں میں اس سے نمٹنے کی حکمتِ عملی بھی بنائی جائے گی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ملک میں جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر بھی بات چیت ہو گی اور وزیر اعظم اپنے وزراء کو اس پر بریفنگ دیں گے۔
ن لیگی ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ اجلاس کا پہلا ایجنڈا ملک میں امن و امان کی صورتحال کو قائم اور برقرار رکھنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کے روز شیڈول تھا مگر بگڑتی ہوئی سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اجلاس ایک روز قبل ہی طلب کر لیا گیا۔
تبصرے