سائفر کیس: جج کی چھٹی کے باعث عمران خان کی ضمانت میں تاخیر
- 04, ستمبر , 2023
نیوزٹوڈے: عمران خان کی آج سائفر کیس میں ضمانت پر سماعت ممکن نہ ہو سکی کیونکہ جج ابوالحسنات ذوالقرنین چھٹی پرہیں- عمران خان کے وکلاء ضمانت پر سماعت کے لیے عدالت پہنچے تو عدالتی عملے نے وکلا کو بتایا کہ آج جج چھٹی پر ہیں اور اپنی اہلیہ کی طبیعت ناسازی کی وجہ سے وہ آٹھ ستمبر تک چھٹی پر رہیں گے، جس کے باعث سماعت ملتوی کر دی گئی۔جج ابو الحسنات ذوالقرنین کےچھٹی پر ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کے وکلا ڈیوٹی جج راجا جواد عباس کی عدالت میں پیش ہو گئے۔ ان سے سماعت کی درخواست کی جج جوادعباس نے کہا 24 عدالتوں کے کیسز بطور ڈیوٹی جج سن سکتا ہوں لیکن آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی حد تک نہیں، فاضل جج نے ڈیوٹی جج کے قوانین پی ٹی آئی وکلا کو پڑھ کر سنائے۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا ہم آپ کی عدالت میں نہ آتے اگر جج ابوالحسنات ذوالقرنین کل آرہے ہوتے، جج ابوالحسنات ذوالقرنین لمبی چھٹیوں پر چلے گئے ہیں۔ کافی بحث کے بعد جوادعباس نے کہا کہ آپ درخواست جمع کرا دیں جس پر پی ٹی آئی کےوکلا عدالت کے کمرہ میں ہی درخواست تحریر کرنے بیٹھ گئے اور راجا جواد عباس کی عدالت میں درخواست دائر کر دی، پی ٹی آئی کے وکلا نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی چھٹی کے باعث درخواست ضمانت سننے کی درخواست دائر کی۔جج راجا جواد عباس نے کہا سرکار کے مطابق سیکریٹ ایکٹ کی درخواست ضمانت نہیں سن سکتے، 12 بجے آپ کی درخواست سن لیتے ہیں، اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی دلائل دیں گے، ساڑھے 12 بجے تک درخواست پر فیصلہ کر دوں گا۔
تبصرے