فواد چوہدری کا الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان
- 22, جنوری , 2024
نیوزٹوڈے: سابق وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما فواد چوہدری نے آئندہ عام انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں جس میں انتخاب کا حق نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انہیں الیکشن سے دستبردار ہونے کے لیے گرفتار کیا گیا۔ ان کے کارکنوں کو ڈرایا دھمکایا گیا اور گرفتار کیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے کاغذات نامزدگی بغیر کسی جواز کے مسترد کیے گئے، میرے بھائی کے کاغذات منظور کیے گئے، تاہم انہیں قومی احتساب بیورو (نیب) میں میرا شریک ملزم بنایا گیا’۔
خط میں فواد چوہدری نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض کی ادائیگی میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے، ان حالات میں میرا گروپ انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور این اے 61 جہلم سے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔
راولپنڈی میں فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران ریٹرننگ آفیسر (آر او) کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔
الیکشن ٹربیونل کے جج نے رہنما فواد چوہدری کی درخواست خارج کر دی۔
تبصرے