گورنر سندھ کا کرایہ داروں کو مفت پلاٹ دینے کا اعلان
- 24, جنوری , 2024
نیوزٹوڈے: گورنر سندھ نے کراچی میں تیس سال سے کرائے کے گھروں میں رہنے والوں کو خوشخبری سنا دی۔ اپنی ایک حالیہ کانفرنس میں انہوں نے کرائے کے مکانوں میں رہنے والوں کو 120 گز کے مفت پلاٹ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی اور سندھ کی مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے بات کی ہے، پہلے مرحلے میں چھ سو کرایہ داروں کو پلاٹ دیے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں آج ہمیشہ کی طرح جوہر مارکیٹ آیا، یہ سن کر حیران ہوا کہ یہاں لوگ 25 سال سے آباد ہیں، انہوں نے کہا کہ آج سے پہلے کوئی ہماری خیریت دریافت کرنے نہیں آیا۔ آپ پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے ہماری خیریت دریافت کی۔
اس سے قبل گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سول اسپتال کے بچوں کی ایمرجنسی میں 50 بستر اور ایک وینٹی لیٹر فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کا دورہ کرنے کا مقصد ذاتی طور پر مریضوں کے مسائل سے آگاہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام لوگوں کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے، تاکہ وہ ہر ہسپتال میں علاج کروا سکیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 2016 سے ملک بھر میں صحت سہولت کارڈ کے ذریعے لوگوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جس میں ابھی تک یہ سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے یقین دلایا کہ وہ سندھ میں ایس ایس سی کے نفاذ کے لیے سیکریٹری صحت سے بات کریں گے۔
تبصرے