گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے سوال پر کامران ٹیسوری نے کیا کہا؟
- 18, اپریل , 2024
گورنر ہاؤس میں صوبائی وزرا کی تقریب حلف برداری کے دوران ایک صحافی نے گورنر سندھ سے سوال کیا کہ آپ جا رہے ہیں؟ جس پر کامران ٹیسوری نے جواب دیا کہ ہاں میں وزراء کا حلف اٹھانے جا رہا ہوں۔ گزشتہ روز سے سندھ کے موجودہ گورنر کو ہٹانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ آج متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے مذکورہ رپورٹس پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے بتایا کہ ہمارے گورنر صرف کامران ٹیسوری ہیں، ان کے علاوہ گورنر شپ کے لیے کوئی اور نام زیر غور نہیں۔انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری وفاق اور صوبے کے درمیان بہترین رابطے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم نے گورنر سندھ کی تبدیلی کی خبر پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے رابطے کا فیصلہ کیا، اس حوالے سے جلد وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سوال کیا گیا کہ کامران ٹیسوری کو ہٹانے کی اطلاعات ہیں، اس پر آپ کیا کہیں گے؟ مراد علی شاہ نے جواب دیا کہ ایسی باتیں گورنر ہاؤس میں بیٹھ کر نہیں کی جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کے رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کا ہے ہمارا نہیں۔
تبصرے