حکومت فوری مستعفی ہو اور دوبار ہ الیکشن کرائے جائیں، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ
- 16, مئی , 2024
نیوز ٹوڈے : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بہت کمزور ہے، مجھے نہیں لگتا کہ وہ ڈیلیور کر پائے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں، میری پی ٹی آئی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے حکومت کے خلاف تحریک شروع کر رکھی ہے۔ قوم نے اپنے ووٹ کی حفاظت نہ کی تو ہم غلامی میں چلے جائیں گے۔ ہم یکم جون کو عوام کا ایک اور ردعمل دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں کوئی حکومت نہیں، سب کو عہدے ملے ہیں جس کے مزے لے رہے ہیں، ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہیں، قوم ہمارے ساتھ ہے اور رہے گی۔
ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے آئین کی قسم کھائی ہے، آئین اور آئینی اداروں کو سپریم ہونا چاہیے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری مستعفی ہو اور ملک میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میرے مقابل دونوں امیدوار اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ عوام نے مجھے ووٹ دیا تو میں بھی صدر اور وزیراعظم بنوں گا۔ میں 5 سیٹوں کے ساتھ صدر بننے کی خواہش نہیں کر سکتا۔
تبصرے