علی امین گنڈا پور کی دھمکی کام کر گئی
- 17, مئی , 2024
نیوزٹوڈے: خیبر پختونخوا میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی وفاقی حکومت کو دی گئی ڈیڈلائن پر چیف پیسکو اپنے متعلقہ عملے کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے اور بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، کمشنر پشاور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ چیف پیسکو نے لوڈشیڈنگ میں کمی کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں نئے لوڈشیڈنگ شیڈول پر اتفاق ہوا جس کے تحت 22 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کو 18 گھنٹے اور 18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کو 14 گھنٹے کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے نئے شیڈول پر فوری عملدرآمد کے لیے ہدایات دیں اور کہا کہ اگر طے شدہ شیڈول سے زیادہ لوڈشیڈنگ ہوئی تو پیسکو کے متعلقہ افسر کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن عوام کو فوری ریلیف ملنا ضروری ہے۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھنے کے باوجود شہریوں کو بجلی نہیں مل رہی اور ٹرانسمیشن نظام بھی بہتر نہیں ہو رہا۔ صوبائی حکومت ریکوری اور میٹرنگ کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے اور وفاقی وزیر توانائی کو وزیراعلیٰ ہاؤس آنے کی دعوت دی ہے۔
تبصرے