نان فائلرز کے بعد فائلرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
- 04, جون , 2024
نیوز ٹوڈے : فائلرز کے لیے بڑا مسئلہ کھڑا ہوگیا اور انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے باوجود انہیں نئی مشکلات کا سامنا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام نے نان فائلرز کے ساتھ ساتھ فائلرز کی موبائل سمز کو بلاک کرنا شروع کردیا۔جن شہریوں کے اکتوبر 2023 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں انہیں بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
ایف بی آر حکام کو ٹیکس ریٹرن فارمز کی کاپیاں فراہم کرنے کے باوجود سم کو بحال نہیں کیا جا رہا ہے اور تنخواہ دار طبقے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے رواں مالی سال 2024 کے ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھی سم بلاک ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام بغیر چیکنگ کے سمیں بلاک کرنے کے احکامات دے رہے ہیں، جس کے خلاف شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر 7 ہزار 167 موبائل سمیں بحال کی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 65 ہزار نان فائلرز کا ڈیٹا ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے اور ٹیلی کام کمپنیوں کو ان نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
5 لاکھ 6 ہزار 671 نان فائلرز کی فہرست تیار کی گئی، انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت ان افراد کی سمیں بتدریج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تبصرے