انسانی تاریخ کا گرم ترین سال، آنے والے سالوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچنے کا امکان
- 06, جون , 2024
نیوز ٹوڈے : اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کرہ ارض پر اب تک کے درجہ حرارت کے ریکارڈ کے مقابلے میں گزشتہ بارہ مہینے دنیا کے گرم ترین مہینے تھے، یعنی گزشتہ پورا سال ریکارڈ شدہ انسانی تاریخ کا گرم ترین سال تھا۔
اب اس بات کا 80 فیصد امکان ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں سالانہ اوسط درجہ حرارت 1.5 ڈگری کی خطرناک سطح سے بڑھ جائے گا جس کا ماہرین نے اشارہ دیا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ وہ حد ہے جو صنعتی انقلاب سے پہلے کے عالمی درجہ حرارت سے 1.5 ڈگری زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیرس نے موسمیاتی جہنم سے بچنے کے لیے عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 2030 تک فوسل فیول کی پیداوار میں 30 فیصد تک کمی نہ کی گئی تو واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی درجہ حرارت کی حد عبور کرنے کی جنگ میں فتح اور شکست کا فیصلہ اسی دہائی میں ہو جائے گا۔
یورپی یونین کی کلائمیٹ چینج مانیٹرنگ سروس کے مطابق گزشتہ بارہ مہینوں میں دنیا کا اوسط درجہ حرارت 1850 سے 1900 کے صنعتی دور سے پہلے کے سالوں کے اوسط درجہ حرارت سے 1.63 ڈگری زیادہ تھا۔
تبصرے