مہنگائی کی کمر نہیں تو ہم نے ٹانگ ضرور توڑی ہے، خرم دستگیر

خرم دستگیر

نیوز ٹوڈے :  وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ مہنگائی بتدریج کم ہونے لگی ہے، ہم نے کمر نہیں تو ان کی ٹانگ ضرور توڑی ہے۔

یہ بات انہوں نے بجٹ کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ جب بعض شعبوں میں ٹیکس لگانے کی بات آتی ہے تو شدید ردعمل ہوتا ہے تاہم حکومت کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ ٹیکس کے نظام کو کیسے بہتر کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ پہلے ہی ٹیکس دے رہے ہیں ان پر ایک روپیہ بھی ٹیکس نہ لگایا جائے، ایسے لوگوں پر اضافی ٹیکس سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر بغیر ٹیکس کے چل رہا ہے، رئیل اسٹیٹ ترقی اور سرمایہ کاری کا بڑا ذریعہ ہے، یہ ایک نشہ بن چکا ہے، اس شعبے پر ٹیکس لگانے کی بات کریں تو ہمیں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ ریاست اور اداروں کو مضبوط کرنا ضروری ہے، حکومت کو ایف بی آر کی اخلاقی اہمیت کو بھی دیکھنا ہوگا۔

مختلف اداروں کی نجکاری پر بات کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ اس وقت نجکاری کا عمل بھی حکومت کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف بین الاقوامی ماحول میں اپنی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے، ہمیں باہر سے سرمایہ کاری لانی ہوگی یا خود پیدا کرنی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کی ایک مثال گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کا فیصلہ ہے۔ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ڈیڑھ فیصد کمی کی تھی۔ آئے ہیں جو خوش آئند ہے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+