حکومت کے لیے بری خبر، تحریک انصاف اور جے یو آئی نے مل کر بڑا فیصلہ کر لیا
- 25, جون , 2024
نیوز ٹوڈے: پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے قومی اسمبلی میں مل کر مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق کر لیا۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، ملاقات میں ملک بھر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، صوبے میں امن کے لیے سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں نے قومی اسمبلی میں مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا اور بجٹ کو آئی ایم ایف کا بجٹ اور عوام دشمن قرار دے کر مسترد کردیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم کرنے میں کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا اور افغانستان کے ساتھ کراسنگ پوائنٹس پر اقتصادی راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا، کمیٹی دونوں جماعتوں کے درمیان تحفظات دور کرکے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے لیے نکات طے کرے گی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اخونزادہ حسین یوسفزئی نے بھی شرکت کی۔
تبصرے