وزیراعظم شہباز شریف نے سولر پینل لگانے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی
- 25, جون , 2024
نیوز ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے سولر پینل لگانے والوں کو نئی ڈیوٹی کے حوالے سے خوشخبری سنا دی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں شہباز شریف نے کہا کہ سولر پینلز پر کوئی نئی ڈیوٹی نہیں لگائی جائے گی وزیراعظم نے کہا کہ قابل تجدید شمسی توانائی تک عام آدمی کی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا، کم قیمت قابل تجدید شمسی توانائی ہر شہری تک پہنچائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو مثبت سمت میں لے جانے کے لیے بہت سے منصوبے بنا رہے ہیں، اللہ کے فضل و کرم سے ملک تیزی سے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ترقی دے کر برآمدات میں اضافہ کریں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اشرافیہ اور ملکی وسائل کا استحصال کرنے والوں کی مراعات ختم کی جائیں گی، معاشی تحفظ اور عام آدمی کی یکساں ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی کابینہ نے قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ 2022-23 پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔
اس کے ساتھ ساتھ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 جون کے اجلاس، 11 جون کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کیسز کے اجلاس اور 20 جون کو کابینہ کمیٹی برائے عوامی ملکیتی اداروں کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
تبصرے