چینی کی قیمت بڑھی تو ایکسپورٹ روک دی جائے گی، کابینہ نے کمیٹی تشکیل دے دی
- 25, جون , 2024
نیوز ٹوڈے: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے استحکام کے وژن پر غلط فہمیوں اور قیاس آرائیوں پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزم کثیرالجہتی استحکام، سیکیورٹی اداروں کے تعاون اور پورے ریاستی نظام کا مجموعی قومی وژن ہے، نئے اور منظم مسلح آپریشن کے بجائے انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے گا۔بیان کے مطابق اجلاس کو ریاستی اداروں بالخصوص پی آئی اے کی نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے، پری بڈنگ میں دلچسپی ظاہر کرنے والی کمپنیاں پی آئی اے کی مختلف سائٹس کا دورہ کر رہی ہیں، پی آئی اے کی بولی اگست کے پہلے ہفتے میں ہو گی۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور شفافیت کو اہمیت دینے کی ہدایت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے فوڈ پروگرام برائے افغانستان کی درخواست پر ایک کنٹینر کو کراچی سے کابل جانے کی اجازت دی گئی ہے۔کنٹینر میں ٹرک کے پرزے ہوں گے اور یہ خصوصی اجازت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر صرف ایک بار دی جاتی ہے۔
بہاولپور کے امیر (مرحوم) کی غیر منقولہ جائیداد کے لیے عملدرآمد کمیٹی کی مدت میں مارچ 2025 تک توسیع کی منظوری دی گئی۔وفاقی کابینہ نے فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کی بھی منظوری دے دی ہے۔بیان کے مطابق کابینہ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چینی برآمد کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ملک میں اس وقت چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں، شوگر ایڈوائزری بورڈ نے کم مقدار میں چینی برآمد کرنے کی منظوری دی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چینی کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیراعظم نے چینی کی قیمت کی نگرانی کے لیے کابینہ کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔بیان کے مطابق چینی کی قیمت میں اضافے کا خدشہ ہوا تو اس کی برآمد روک دی جائے گی۔
تبصرے