علی گنڈا پور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
- 01, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
علی نواز اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور اور عامر مغل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ کسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی، یہ کوئی وجہ نہیں کہ شہر سے باہر ہوں تو پیش نہ ہوسکوں،
پی ٹی آئی کے وکلا نے جواب دیا کہ حاضری مکمل کرنا ملزمان پر منحصر ہے، جس پر فاضل جج نے کہا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے، آئندہ پیشی پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنائی جائے گی۔
جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ وہ تمام غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رہے ہیں، اگر انہیں اگلی پیشی پر حاضری کی مکمل یقین دہانی کرائی جائے تو وارنٹ کے اجراء کو دیکھیں گے۔
وکلا کی جانب سے کہا گیا کہ انہیں موقع دیا جائے اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گے جس پر فاضل جج نے کہا کہ 8 تاریخ کو نہ آنے والے ملزمان کو مفرور قرار دیا جائے گا۔ دنوں کی ضرورت نہیں، مجھے یہ کیسز ختم کرنے ہیں، اس سے آپ کو فائدہ ہی ہوگا۔
معزز جج نے کہا کہ مقدمات حل ہو جائیں تو آگے بڑھیں گے، بصورت دیگر خارج کر دیں گے۔ عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔
جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ تماشا بن گیا، ایک آتا ہے دو نہیں آتے، 8 جولائی کو کوئی بیمار ہو، بخار ہو، جو بھی ہو، جو نہیں آئے اسے اشتہاری قرار دیا جائے گا، 8 جولائی کے بعد مقدمات چلیں گے۔ روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے گا.
عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی سے متعلق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب بھی طلب کرلیا۔
تبصرے