جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کر دیا
- 02, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : جماعت اسلامی نے بھاری ٹیکسوں اور مہنگی بجلی و گیس کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت شدید بحران ہے۔ بجلی کے بلوں نے سب کو اذیت پر مجبور کر دیا ہے۔ لوگ اپنے زیورات بیچ کر بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ قوم کو اس وقت تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بھاری ٹیکسوں کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔ ملک گیر ہڑتال پر غور کیا جا رہا ہے۔ حکومت کو ظالمانہ ٹیکس ختم کرنے پر مجبور کریں گے۔ پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آئی ایم ایف کے ٹیکسز متعارف کرائے جارہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مفت پیٹرول اور بجلی لینے والے جرنیل، فوجی افسران اور جج کہتے ہیں کہ ہم رعایت نہیں لیں گے۔ پسماندہ طبقہ بڑھ رہا ہے اور متوسط طبقہ ختم ہو رہا ہے۔ دو، تین لاکھ روپے کا تنخواہ دار طبقہ بہت پریشان ہے کہ اگر ان کا ٹیکس کٹ گیا تو وہ کیسے پورا کریں گے۔ وہ عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں۔ جاگیرداروں سے کوئی ٹیکس نہیں لیا جا رہا۔ بڑے مزے کر رہے ہیں۔ بجلی کے بلوں میں ٹیکس اور پیٹرول پر لیوی سے ان کا پیٹ بھرے گا جو پہلے ہی اربوں روپے ہڑپ کر چکے ہیں۔ حکومت شرمندہ ہے۔ وزیراعظم بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر بجٹ بنایا ہے۔ حکومت ذہنی پسماندگی اور غلامی کا شکار ہو چکی ہے۔
تبصرے