پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ویزا چھوٹ کے معاہدے پر دستخط
- 03, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان نے پاسپورٹ کو ویزے سے مستثنیٰ قرار دینے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں- شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر دستخط سے دو طرفہ تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین تاجکستان اور افغانستان کے درمیان زراعت، تجارتی راہداری کا حصہ بننے کو تیار ہے۔ صحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، ہمیں تجارتی حجم بڑھانے کے لیے سالانہ بنیادوں پر اہداف کا تعین کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی بندرگاہ کے ذریعے سامان افغانستان، تاجکستان پہنچایا جا رہا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ریل اور سڑک کا نیٹ ورک منسلک ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان دہشت گردی سے متاثر ہیں، ہم طویل عرصے سے دہشت گردی کی لعنت کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہم کامیاب ہوئے لیکن بدقسمتی سے اب یہ لعنت دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
تبصرے