محکمہ موسمیات نے بارشوں کا اعلان کر دیا
- 03, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، پنجاب، خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم رہے گا۔بالاکوٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جب کہ مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بہاولپور، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور خانیوال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سندھ، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا، جب کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے، کشمیر، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔کشمیر میرپور میں 7 جولائی تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور طوفانی بارش کا امکان ہے جب کہ پنجاب، اسلام آباد اور سرگودھا سمیت مختلف علاقوں میں کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ .
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ 4 سے 7 جولائی تک بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 3 سے 7 جولائی تک بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا اور مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
4 سے 7 جولائی کے درمیان سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ مٹھی عمرکوٹ سکھر، لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔4 اور 7 جولائی کے درمیان شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں پہاڑوں اور ندی نالوں میں طغیانی اور سیالکوٹ گوجرانوالہ نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
تبصرے