محرم الحرام کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل

خصوصی سیکیورٹی پلان

نیوز ٹوڈے :   اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا نے محرم الحرام کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔ 

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یکم محرم سے دوسری ربیع الاول تک اسلام آباد میں 181 جلوس اور 965 مجالس ہوں گی۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، امن کمیٹی کے ارکان اور دانشوروں سے بھی ملاقاتیں کی گئیں۔

سیکیورٹی پلان کے مطابق اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی اور محرم کے جلوسوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی جب کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران مسلح پولیس اہلکار چھتوں پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کے راستے میں آنے والی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں اور گلیوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کیا جائے گا، جلوس کے راستوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے گی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سڑکوں کو کلیئر کرے گا جبکہ داخلے جلوس میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت بند رہے گی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ ڈرون کیمروں سے کی جائے گی، مکمل تلاشی کے بعد مقامی اور غیر مقامی افراد کو جلوس میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی، مجالس اور جلوسوں میں شامل ہونے والے عزاداروں کو میٹل ڈیٹیکٹر سے چیک کیا جائے گا۔ جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کی جائے گی اور واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+