بجلی کے بلوں پر نواز شریف کی تصویر لگانے کا بھی مطالبہ کیا گیا
- 09, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر اور سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کی جانب سے پنجاب حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی تصویر آٹے میں ڈالنے پر ردعمل دیا گیا ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ یہ لوگ آٹے کے تھیلوں پر تصویریں لگانا پسند کرتے ہیں، بجلی کے بلوں پر بھی نواز شریف کی تصویر لگاۓ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی اتحادی وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ اب شہریوں کو ان کی آمدن سے زیادہ بل وصول ہونے لگے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ بجلی کے نئے نرخوں کے نفاذ کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی نرخوں میں 51 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یکم جولائی 2024 سے محفوظ صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 51% اور "غیر محفوظ" صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف میں 43% کا اضافہ نافذ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عوام پر برقی بم گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے بعد اب حکومت نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہوگا۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تبصرے