مسترد شدہ سیاسی ڈرامے باز سانحہ بنوں کو سیاسی رنگ دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں: بیرسٹر سیف
- 22, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کے بیان کو امن میں خلل ڈالنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسترد شدہ سیاسی ڈرامے باز بنوں واقعے کو سیاسی رنگ دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور سماجی رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا عمل شروع ہوتے ہی بنوں میں امن بحال ہو گیا۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بنوں کی صورتحال کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔ انکوائری کمیشن بنوں واقعے کی رپورٹ بہت جلد پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمائدین پر مشتمل کمیٹی کی جلد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بنوں میں تاجروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، کچھ لوگ ان کے ساتھ شامل ہوئے، ان کے لوگوں نے موقع پر پہنچ کر فائرنگ کردی، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور 22 افراد زخمی ہوگئے، پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ فوج کو شہریوں کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بنوں والی سازش آپ کے سامنے ہے، کے پی حکومت جو بھی کہے، آپ اس واقعے کی تحقیقات کیسے کریں گے جس میں آپ کے لوگ ملوث ہیں۔
تبصرے