اسماعیل ہنیہ کی شہادت: حکومت کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج یوم سوگ کا اعلان

یوم سوگ منانے کا فیصلہ

نیوز ٹوڈے :    فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم پر وزیراعظم کی زیر صدارت حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم، آئی پی پی، مسلم لیگ (ق)، مسلم لیگ ضیاء اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں اسماعیل ھنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا۔

ملاقات میں ایران میں حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ ایسے واقعات سے عالمی امن تباہ اور خطے میں کشیدگی پیدا ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے فلسطین میں اسرائیلی ریاست کی بربریت  کو امت مسلمہ کے لیے المیہ قرار دیا۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بے گناہ فلسطینیوں تک انسانی امداد کی فوری رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پارلیمنٹ میں خصوصی قرارداد پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے فلسطین میں 9 ماہ سے جاری اسرائیلی مظالم اور بربریت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور معصوم فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔اعلامیہ کے مطابق شرکاء نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی بربریت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

بیان کے مطابق اجلاس میں اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی خاموشی توڑے اور عالمی برادری صہیونی افواج کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کو فوری طور پر بند کرے۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو جنگی جرائم اور فلسطینیوں کے خلاف مظالم پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+