اسرائیل کے مظالم کا احتساب ہونا چاہیے، اسحاق ڈار کا او آئی سی اجلاس سے خطاب
- 08, اگست , 2024
نیوز ٹوڈے : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس کے مظالم کا جواب دینا ہوگا۔فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسحاق ڈار نے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کی قومی اسمبلی نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی، اسماعیل ہنیہ کے قتل سے تہران میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ 9 ماہ سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں اسکولوں، اسپتالوں، امدادی قافلوں اور پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا ہے، اسرائیل نے انسانی امداد بھی روک دی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، امت مسلمہ کو او آئی سی سے بہت توقعات ہیں، دنیا کو اس وقت جنگ نہیں امن کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اسرائیل کو اس کے مظالم کا حساب دینا ہوگا، عالمی امن ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا کہ غزہ تک امداد کی ترسیل کے لیے تمام راستے کھولے جائیں۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ملاقات کے انعقاد پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تبصرے