جنوبی پنجاب میں 2 کروڑ سے زائد بچے اور بالغ تعلیم سے محروم ہیں
- 13, اگست , 2024
نیوز ٹوڈے : ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع میں 24 لاکھ بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق جنوبی پنجاب میں 16 سال سے کم عمر کے 46 لاکھ 89 ہزار سے زائد بچوں نے سکول کا منہ تک نہیں دیکھا۔رپورٹ کے مطابق ملتان میں 16 سال سے کم عمر کے 4 لاکھ 75 ہزار بچے اسکول نہیں گئے، مجموعی طور پر 22 لاکھ 46 ہزار افراد نے تعلیم حاصل نہیں کی۔
ضلع بہاولپور میں مجموعی طور پر 21 لاکھ 68 ہزار افراد کبھی سکول نہیں گئے جبکہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں مجموعی طور پر 19 لاکھ 92 ہزار افراد نے سکول کا منہ تک نہیں دیکھا۔دستاویزات کے مطابق جنوبی پنجاب صوبے کے تعلیمی بجٹ کا صرف ایک فیصد وصول کرتا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق جنوبی پنجاب میں شرح خواندگی صرف 53 فیصد ہے جبکہ باقی پنجاب میں یہ شرح 74 فیصد تک ہے۔
یو این ڈی پی کے مطابق جنوبی پنجاب کی شرح خواندگی باقی پنجاب کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے اور 2 کروڑ 4 لاکھ 18 ہزار افراد تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر عبید اللہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں خاندان کا حجم بہت بڑا ہے، یہاں والدین اپنے بچوں کو کام پر لگاتے ہیں جبکہ سکول کو ترجیح نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس وسائل کم ہیں، بجٹ کم از کم 4 فیصد ہونا چاہیے، عام طور پر ہمارا بجٹ 2 فیصد یا اس سے کم ہوتا ہے۔ماہرین کے مطابق تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے بجٹ کا 6 فیصد تک مختص کرنے کی ضرورت ہے۔تاکہ ملک کے معماروں کو عمدہ تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔
تبصرے