تیس سال بعد بھی نواز نے پنجاب میں سیاست کی، پورے ملک میں بجلی کے نرخ کم کریں، حافظ نعیم
- 21, اگست , 2024
نیوز ٹوڈے : جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے 30 سال بعد بھی پنجاب کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دے کر پنجاب کی سیاست کی ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل ادا کرنا اب وزیراعظم کے بس کی بات نہیں، بجلی کے بل ادا کرنا اب عوام سے ممکن نہیں رہا۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اب معلوم ہوا ہے کہ بجلی پیدا نہ کرنے پر پیسے لیے گئے، ان لوگوں نے پیسے لیے ہیں ٹیکس نہیں دیا، حکومت آئی پی پیز کو لگام دے اور عوام کو ریلیف دے، آئی پی پیز سے معاہدے ہوئے۔ حکومتی لوگ بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بدامنی ہے، لاپتہ افراد کے حوالے سے بلوچستان میں لوگ احتجاج کر رہے ہیں، احتجاج کرنا سب کا آئینی حق ہے، احتجاج روکنے سے نفرت پیدا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، لاپتہ افراد کو آئین کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے۔امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ سوئی گیس پیدا کرنے کا پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے، سیندک سے نکلنے والے خام مال کے لیے فیکٹری لگائی جائے، یہاں سولر پارک بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں، سرحدی تجارت کو فروغ دیا جائے، ایران سے سستی گیس کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یکم ستمبر سے حق دو عوام، حق دو بلوچستان تحریک شروع ہو رہی ہے۔
تبصرے