ٹریکٹر بنانے والی سب سے بڑی کمپنی نے پاکستان میں اپنا پلانٹ بند کر دیا
- 23, اگست , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان میں ٹریکٹر بنانے والی کمپنی ملت ٹریکٹرز نے اپنا پلانٹ بند کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں درج ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ نے اپنا پروڈکشن پلانٹ بند کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کمپنی نے پی ایس ایکس انتظامیہ کو ایک خط بھی بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس ریفنڈ میں تاخیر کے باعث پیداواری سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کو ٹیکس کی واپسی کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مسلسل خسارے کا سامنا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹریکٹرز کی تیاری پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کے علاوہ ٹریکٹرز میں استعمال ہونے والے پرزوں پر 18 فیصد جی ایس ٹی بھی عائد کیا گیا ہے۔ . خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ابھی تک ریفنڈز کی ادائیگی کا کوئی طریقہ کار جاری نہیں کیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں آٹو کمپنی سوزوکی نے بھی پاکستان میں اپنا پلانٹ بند کر دیا ہے۔ 8 اگست کو پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی نے پاکستان میں اپنا پلانٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا۔ اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان کی جانب سے وضاحتی بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔ ترجمان پاک سوزوکی موٹرز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاک سوزوکی کے ’’سی کے ڈی‘‘ کی منظوری نہ ملنے کے باعث پلانٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاک سوزوکی کی "CKD" گزشتہ 45 دنوں سے بندرگاہ پر پڑی ہے۔
تبصرے