حکومت آزاد کشمیر کا 7 ستمبر کو یوم ختم نبوت سرکاری طور پر منانے کا اعلان
- 05, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : حکومت آزاد کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ 7 ستمبر کو سرکاری طور پر یوم ختم نبوت منایا جائے گا۔مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اعلان کیا کہ 7 ستمبر کو یوم ختم نبوت سرکاری طور پر منایا جائے گا۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ یوم ختم نبوت سرکاری سطح پر منائیں گے۔ قومی اسمبلی سے قبل آزاد کشمیر اسمبلی نے ختم نبوت سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔ آج قانون ساز اسمبلی نے 7 ستمبر کو یوم ختم نبوت منانے کی قرارداد منظور کرلی۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے، ہم نے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے، عوام کو سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ 3 ماہ سے بجلی 3 روپے فی یونٹ دی جارہی ہے، یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ موجودہ حکومت میں ایسے معجزے ہوئے ہیں جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کر رہی ہے، کشمیری عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تبصرے