بیرونی فنانسنگ گیپ: پاکستان ایک بار پھر آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے کلینڈر میں شامل نہ ہو سکا
- 10, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : 18 ستمبر تک آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے کیلنڈر میں پاکستان کا ایجنڈا شامل نہیں ہے۔ پاکستان کو بیرونی مالیاتی خلا کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کی حتمی منظوری کے معاملے پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے ایک اور اجلاس کا کیلنڈر جاری کردیا گیا ہے، اس بار کیلنڈر میں پاکستان شامل نہیں ہے۔ آئی ایم ایف نے 18 ستمبر تک ملاقاتوں کا کیلنڈر جاری کر دیا ہے، 18 ستمبر کو بورڈ سرینام کے 7ویں جائزے کی منظوری دے گا۔
9 اور 13 ستمبر کو ہونے والے بورڈ اجلاسوں کا کیلنڈر پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے، بورڈ کے 9 ستمبر کے اجلاس میں بھوٹان کاکس اور 13 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں ناروے کا معاملہ شامل ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول کے معاہدے پر 12 جولائی کو دستخط ہوئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بیرونی فنانسنگ گیپ کو پورا کرنے میں تاحال مشکلات کا سامنا ہے، پاکستان کو 3 سے 5 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کا سامنا ہے۔
آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد پاکستان کو ایجنڈے میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
تبصرے