پارلیمنٹ کا تقدس پامال کیا گیا، ملک میں آئین کی بالادستی ختم ہو چکی ہے، سلمان اکرم راجہ
- 10, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ کو خیبرپختونخوا ہاؤس میں داخل ہونے سے روک دیا۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے روکنے کے بعد سلمان اکرم راجہ خیبرپختونخوا ہاؤس کے گیٹ سے روانہ ہوگئے۔
روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ جس طرح گرفتاریاں ہوئیں اس سے پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہوا۔خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی ختم ہو چکی ہے۔ خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ لاہور کا جلسہ ہر صورت ہو گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا جب کہ پولیس ذرائع کے مطابق شعیب شاہین کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، پی ٹی آئی رہنما زین قریشی، شیخ وقاص اکرم اور نسیم الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس سے حراست میں لے لیا گیا۔ وہ پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے مطابق اجلاس میں موجود پنجاب قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن کا امکان ہے اور اسلام آباد پولیس نے باضابطہ طور پر پنجاب پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 3 تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے، مقدمات اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر 2024 کے تحت درج کیے گئے، مقدمات میں حکومت میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی شامل ہے۔
تبصرے