ابھی کچھ طے نہیں ہوا، کابینہ کی منظوری تک ڈرافٹ نہیں دے سکتے، خورشید شاہ
- 16, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے ابھی کچھ طے نہیں ہوا، جب تک کابینہ منظوری نہیں دے گی مسودہ نہیں دے سکتے۔آئینی ترامیم کے حوالے سے ملک میں نمبرز گیم کا دلچسپ کھیل جاری ہے۔ اب تک حکومت آئینی ترامیم وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ میں پیش نہیں کر سکی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اتوار کو شروع ہونے کے بعد مختصر کارروائی کے بعد ملتوی کر دیا گیا۔ تاہم مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے قومی اسمبلی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا-دوسری جانب پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں نے آئینی عدالت کی مشروط حمایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی، جے یو آئی اور حکومتی اتحادی جماعتوں نے آئینی عدالت سے مشروط رضامندی دے دی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر حکومت کا ساتھ نہیں دے سکتے۔مولانا فضل الرحمان نے بل پر مزید مشاورت کی تجویز دی جب کہ پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا کہ جلد بازی میں قانون سازی نہ کی جائے۔
پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کچھ طے نہیں ہوا، جب تک کابینہ منظوری نہیں دیتی، مسودہ نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ مسودہ ابھی کابینہ کے پاس نہیں گیا، کابینہ کی منظوری کے بعد ہی ڈرافٹ آئے گا۔
تبصرے