حکومت ٹیکس دہندگان کو سہولیات دے، جرمانے نہ لگائے، صدر پاکستان ٹیکس بار
- 23, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے 30 ستمبر تک ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی کے نوٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ایف بی آر کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی سمز، بجلی اور گیس کے کنکشن بند کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر دوست سکیم پر عملدرآمد نہیں کر سکی، حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاہم ایف بی آر قواعد پر عمل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے جا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فائلرز کے 30 ستمبر تک گوشوارے جمع نہ کرانے کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں، حکومت ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرے اور ان پر جرمانے نہ لگائے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ترجمان نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے 30 ستمبر تک کا وقت دیا ہے جس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق حکومت ایسے اقدامات متعارف کروا رہی ہے جس سے نان فائلرز کو جائیداد خریدنے سے روکنے میں مدد ملے گی۔
تبصرے