وزیر تعلیم سندھ نے پلاننگ کمیشن کی رپورٹ کو خامیوں سے بھرپور قرار دیا
- 26, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : وزیر تعلیم اور وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ نے پلاننگ کمیشن کی جاری رپورٹ کو خامیوں سے بھرپور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ مفروضوں پر تیار کی گئی ہے، ہمارا نصاب اور بچے دوسرے صوبوں سے بہتر ہیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے پلاننگ کمیشن کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو سیلاب کا سامنا ہے، سیلاب سے 50 ہزار کے قریب اسکولوں کو شدید نقصان پہنچا، اس کے باوجود وفاقی حکومت نے تعاون نہیں کیا۔سردار شاہ نے کہا کہ 5 ارب کی فزیبلٹی بنا کر بھیج دی گئی ہے جو اب تک موصول نہیں ہوئی۔
وزیر تعلیم سندھ نے پلاننگ کمیشن کی رپورٹ پر کہا کہ پلاننگ کمیشن نے پاکستان کے 134 اضلاع میں انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی کے استعمال، سرکاری اخراجات اور تعلیمی اداروں کے معیار کو جواز بنا کر رپورٹ تیار کی ہے۔ اس رپورٹ میں۔ بلوچستان کے بعد سندھ کو آخری دکھایا گیا ہے۔ رپورٹ میں سندھ کے حالات ایسے کیوں ہیں اس کا ذکر نہیں کیا گیا۔
یونیورسٹیز کے وزیر محمد علی ملکانی نے کہا کہ بورڈز میں او ایم آر مشینیں آ چکی ہیں اور عملے کی تربیت کا عمل شروع ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے مقدمات ختم ہوتے ہی تقرری کر دی جائے گی۔
تبصرے