کراچی کی سڑکوں کی مرمت کے لیے ڈیڑھ ارب روپے جاری
- 30, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کی سڑکوں کی مرمت کے لیے ڈیڑھ ارب روپے جاری کردیے۔ایک بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کی سڑکوں کی مرمت کا کام بارش کے بعد ہی شروع کیا گیا۔ لیکن 200 ارب روپے خرچ ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ٹرانسپورٹ کے مسائل میں بہتری آئے گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے لیے وفاقی حکومت کے ذریعے چینی حکام سے بات چیت جاری ہے۔ انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کراچی سرکلر کا منصوبہ بھی بہت جلد اپنے شہریوں کو دے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور رش کا مسئلہ حل ہو گا جب کہ کراچی پورٹ سے جام صادق پل تک ایک اور ایکسپریس وے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، روڈ سیکٹر، سیف سٹی اور کے فور جیسے منصوبے مکمل ہو جائیں تو کراچی عظیم شہر بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نصب العین عوام کی خدمت اور صرف خدمت ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ایسے منصوبے مکمل کیے ہیں جن سے صوبے کے ساتھ ساتھ پورا ملک بھی مستفید ہوا ہے۔
تبصرے